جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اگر شمالی کوریا کی جانب سے جوہری حملہ کرنے کا کوئی اشارہ ملا تو ایسی صورت میں جنوبی کوریا کے پاس شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کرنے والا منصوبہ ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے یونہپ سے بات کرتے ہوئے عسکری ذرائع کا کہنا تھا کہ پیانگ یانگ کے چپے چپے کو مکمل طور ہر بیلسٹک میزائلوں اور بموں سے
تباہ کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ جمعے کو شمالی کوریا نے ایک کامیاب جوہری تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھااور کہا تھا کہ یہ اس کا پانچواں جوہری تجربہ ہے۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ جوہری تجربہ ’ایک جدید اور حال ہی میں تیار کیے گئے جوہری وار ہیڈ‘ کا تھا اور اس نے اب بیلسٹک راکٹوں پر جوہری ہتھیار نصب کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔